وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور انجینئر امیر مقام کا پریڈ گراﺅنڈ کے قریب کارکنوں کی ریلی سے خطاب

100

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج کا تاریخی دن گواہ ہے کہ محمد نواز شریف کل بھی پاکستان کا حقیقی لیڈر تھا اور آج بھی ہے۔ اسلام آباد ہائی وے پریڈ گراﺅنڈ کے قریب سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ یوتھ کے کارکنوں نے جس بھرپور انداز میں اپنے قائدین کا استقبال کیا اور یلی میں بھرپور شرکت کو یقینی بنایا وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ محمد نواز شریف کل بھی پاکستان کا حقیقی قائد تھا اور آج بھی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی کارکنوں کے جوش و خروش کی داد دی اور ان کے ہمراہ نعرے لگا کر کارکنوں کا جوش و ولولہ مزید بڑھایا۔ انہوں نے اس موقع پر کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ کارکنوں نے ثابت کر دیا ہے کہ تمہاری سازشیں نواز شریف کی مقبولیت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔