حکومت دیگر کھیلوں کی طرح ایشیاءنیٹ بال کپ میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرے، مدثر آرائیں

156

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کہا ہے کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح ایشیاءنیٹ بال کپ میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی ٹیم کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی نیٹ بال ٹیم کے کھلاڑی نے تین بار ایشیائی سطح پر میڈلز حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا اور ان کھلاڑیوں کی ابھی تک حکومت نے حوصلہ افزائی نہیں کی، مردوں کی قومی ٹیم نے ایک سلور اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 2013ءسری لنکا میں کھیلی گئی ایشین بیچ چیمپئن شپ میں سلور اور 2011ءمیں ساﺅتھ ایشین بیچ گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ 2016ءمیں ملائیشیاءکھیلی گئی خواتین ایشیاءنیٹ بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تو کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو کھیلوں کی بجائے تعلیم پر توجہ دلاتے ہیں۔