’’روایات کی دھنیں‘‘کے عنوان سے سالانہ لوک میلہ 7 نومبر سے لوک ورثہ ، اسلام آباد میں شروع ہو گا

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):ایک بار پھر اسلام آباد کا دل رنگوں، دھنوں اور ثقافت و روایات کے قمقموں سے جگمگانے والا ہے کیونکہ لوک ورثہ،شکر پڑیاں میں سالانہ لوک میلہ 7 سے 16 نومبر تک منعقد کیا جا رہا ہے جو ملکی و غیر ملکی زائرین کو پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کا جشن منانے کے لیے خوش آمدید کہے گا۔اسلام آباد کا یہ سالانہ لوک میلہ جو 7 …

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):ایک بار پھر اسلام آباد کا دل رنگوں، دھنوں اور ثقافت و روایات کے قمقموں سے جگمگانے والا ہے کیونکہ لوک ورثہ،شکر پڑیاں میں سالانہ لوک میلہ 7 سے 16 نومبر تک منعقد کیا جا رہا ہے جو ملکی و غیر ملکی زائرین کو پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کا جشن منانے کے لیے خوش آمدید کہے گا۔اسلام آباد کا یہ سالانہ لوک میلہ جو 7 سے 16 نومبر تک جاری رہے گا،روایتی موسیقی، دستکاریوں اور ثقافتی مظاہروں کے ذریعے عوام کو پاکستان کی متنوع ثقافت کا تجربہ فراہم کرے گا۔اتوار کومقامی میڈیا اور ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ دس روزہ میلہ ملک کے ثقافتی ورثے کی بھرپور نمائندگی کرے گا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے کاریگر، لوک فنکار اور موسیقار اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

زائرین کو روایتی دستکاریوں، موسیقی، رقص اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے رنگوں سے سجا ایک جاندار ماحول دیکھنے کو ملے گا۔یہ میلہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس سال کا میلہ لوک ورثہ کے قیام کی گولڈن جوبلی کی خوشی میں منایا جائے گا۔ اس موقع پر ادارے کی گزشتہ پانچ دہائیوں پر محیط خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ہر سال کی طرح اسلام آباد کے شہریوں اور ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کو لوک موسیقی، روایتی رقص اور دستکاریوں کی نمائشوں سمیت مختلف ثقافتی پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

یہ میلہ خاندانوں، فنونِ لطیفہ کے شائقین اور سیاحوں کے لیے رنگوں سے بھرا ایک حسین تجربہ فراہم کرے گا۔چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے خصوصی پویلینز بھی قائم کیے جائیں گےجہاں علاقائی دستکاریاں، لوک موسیقی اور روایتی پکوان پیش کیے جائیں گے۔بین الاقوامی رنگ شامل کرنے کے لیے میلے میں 12 ممالک کے نمائندے بھی خصوصی پویلین کے ذریعے شرکت کریں گے۔منتظمین نے سیکیورٹی، ریفریشمنٹ اور زائرین کی سہولت کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔