پائیدار ترقی کیلئے قومی اتحاد اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر علی پرویز ملک

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی اصلاحات نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا لیا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا اور اسے پائیدار ترقی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت …

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی اصلاحات نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا لیا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا اور اسے پائیدار ترقی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت مہنگائی کو 40 فیصد سے کم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لے آئی ہے ، مالیاتی خسارہ قابو میں کیا اور ایسی ذمہ دارانہ پالیسیاں نافذ کیں جن سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور ملکی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہو رہی ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی معاشی ٹیم نے نہ صرف معیشت کو مستحکم کیا ہے بلکہ اصلاحات کے ثمرات عام عوام تک پہنچنا بھی شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک نے طویل عرصے سے تعطل کا شکار تعاون کو بحال کرنے ، توانائی، تجارت، رابطوں اور عوامی تبادلوں کے شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد باہمی خوشحالی کے لیے مثبت روابط قائم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے تعلیمی تعاون کے تحت بنگلہ دیشی طلباء کو 500 اسکالرشپس کی پیشکش کی ہے جبکہ براہِ راست فضائی رابطوں میں بہتری پر بات چیت جاری ہے۔

مزید برآں کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان بندرگاہی روابط کو آسان بنانے اور قومی شپنگ کارپوریشنز و ریونیو اتھارٹیز کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سفارتی اور دفاعی کارکردگی کے ذریعے عالمی سطح پر دوبارہ ساکھ حاصل کی ہے، آج کوئی بھی بین الاقوامی فورم پاکستان کی شمولیت کے بغیر اپنا ایجنڈا مکمل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا بڑھتا ہوا کردار اس کی ذمہ دار حکمرانی، پختہ خارجہ پالیسی اور بہتر معیشت کا مظہر ہے۔انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے قومی اتحاد اور پالیسیوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک بار ملک کو معاشی تباہی سے بچایا ہے۔ اگر ہم اصلاحات کو ذمہ داری سے جاری رکھیں تو معیشت ہر دن مضبوط تر ہوتی جائے گی۔