خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں کابینہ کی تشکیل کردہ قانون ساز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا
صوبائی وزیر آفتاب عالم کی زیر صدارت پشاور میں کابینہ کی تشکیل کردہ قانون ساز کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 14 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں کابینہ کی تشکیل کردہ قانون ساز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ قانون خیبرپختونخوا ترجمان کے مطابق اجلاس میں پرتشدد انتہاپسندی کے تدارک کے مرکزِ کو محکمہ اعلیٰ تعلیم سے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کو منتقل کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ قانون، محکمہ داخلہ، اے جی آفس و دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے مرکزِ امتیاز کی موجودہ حیثیت، انتظامی امور اور منتقلی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے مرکز کو مؤثر انداز میں فعال رکھنے، اس کے انتظامی ڈھانچے اور متعلقہ محکموں کے کردار کو واضح کرنے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا۔وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے تدارک کے لیے ادارہ جاتی سطح پر مؤثر اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مرکز کی منتقلی کے تمام قانونی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لے کر واضح اور قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ اس ادارے کے مقاصد مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔








