نئی دہلی۔2نومبر (اے پی پی):آپریشن سندور میں بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی مجرمانہ خاموشی پر پورے بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ مودی سرکار کی اس خاموشی کو اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے حق میں بیانات نے بھارتی حکومت کے لیے مزید شرمندگی پیدا کر دی ہے۔کانگریس رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم …
مودی سرکار کی خاموشی پر بھارت میں ہنگامہ ، آپریشن سندور کی ناکامی نے نریندر مودی کی قلعی کھول کر رکھ دی

مزید خبریں
نئی دہلی۔2نومبر (اے پی پی):آپریشن سندور میں بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی مجرمانہ خاموشی پر پورے بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ مودی سرکار کی اس خاموشی کو اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے حق میں بیانات نے بھارتی حکومت کے لیے مزید شرمندگی پیدا کر دی ہے۔کانگریس رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ایک بزدل انسان ہے جس کے پاس کوئی وژن نہیں۔
وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مودی میں جرأت ہے تو وہ قوم کو بتائیں کہ کیا ٹرمپ کے بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مودی یہ حقیقت نہیں جھٹلا سکتے کہ انہی کے حکم پر آپریشن سندور کو روکا گیا تھا۔
کانگریس کی سینئر رہنما سوپریا شری نیت نے بھی مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق 7 بھارتی طیارے مار گرائے گئے، اور مودی کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اس سچائی کو تسلیم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی امریکی صدر سے شدید خوفزدہ رہتے ہیں، اور ان کی بزدلی نے پورے بھارت کی عزت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
دوسری جانب آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ملک کی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں۔پاکستانی افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، جس پر عوام اور عسکری قیادت نے اظہارِ اطمینان کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی خاموشی نہ صرف اس کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے بلکہ بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔ اپوزیشن نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کریں اور اپنی ناکامی کی ذمہ داری قبول کریں۔








