بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کا ننکانہ صاحب کا دورہ

ننکانہ صاحب۔ 02 نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔ جائزہ اجلاس میں کمشنر لاہور …

ننکانہ صاحب۔ 02 نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔ جائزہ اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، انتظامی افسران اور امن کمیٹی کے ممبران سمیت سکھ رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنم دن کی تقریبات آج سے 6 نومبر تک جاری رہیں گی جن میں 30 ہزار سے زائد یاتری ننکانہ صاحب کا دورہ کریں گے۔ اس دوران سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکاران تعینات ہونگے جبکہ سرویلنس کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور 3 کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور کھانے کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ گورودوارہ جات میں ہسپتال سمیت فسیلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گورودوارہ جات کو عرق گلاب سے صاف کیا جا رہا ہے، ننکانہ صاحب سٹی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے فری ہو گا جبکہ اس دوران افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ جنم دن کی تقریبات کا آغاز اکھنڈ پاٹ کی رسم سے ہو گا۔ 5 نومبر کو جنم دن کی مرکزی تقریب گورودوارہ جنم استھان میں ہو گی اور نگر کیرتن کا جلوس نکالا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت سے 2100 سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اقلیتوں کے تمام ایونٹس میں خود جاتی ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ٹریفک پلان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی کا ہر مذہب اور ہر مسلک عزت کرتا ہے اور ننکانہ صاحب آنے کا مقصد سکھ قوم سے اظہار یکجہتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھانے پینے کے وافر انتظامات ہونے چاہئیں اور سپلائی چین کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گورودوارہ جات میں فسیلیٹیشن کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاران یاتریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ لاہور اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی وارڈز قائم کیے جائیں گے۔بعدازاں صوبائی وزراء نے گوردوارہ جنم استھان کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔سکھ رہنماؤں کی جانب سے گوردوارہ آمد پر مہمانوں کو سروپے بھی پہنائے گئے۔\378