سردار مسعود خان کی سربراہی میںآزاد جموں و کشمیر کونسل کے ممبران کی وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر سے ملاقات

95

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کونسل کے ممبران نے منگل کو صدر آزاد کشمیر و وائس چیئرمین آزاد کشمیر کونسل سردار مسعود خان کی سربراہی میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و انچارج وزیر اے جے کے کونسل چوہدری محمد برجیس طاہر سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دنیا کے تمام اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو دوٹوک الفاظ میں پیش کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی جانب سے واضح مو¿قف اپنانے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت کے باعث مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جس کے باعث وہ بھارت کی جانب سے بے پناہ تشدد کے باوجود اپنے حق خود اردیت کی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے حوالہ سے آزادکشمیر میں محمد نواز شریف کے وژن اور پالیسیزکو جاری رکھا جائے گا۔