اقوام متحدہ ۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات اور کثیر جہتی چیلنجز کے پیش نظر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ ان تنازعات کو حل کرنے اور امن کو فروغ دینے کی کوششیں مؤثر بنائی جا سکیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے 193 رکنی جنرل اسمبلی میں ’جنرل اسمبلی کے …
پاکستان کی عالمی امن کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو مزید مضبوط بنانے کی اپیل

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات اور کثیر جہتی چیلنجز کے پیش نظر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ ان تنازعات کو حل کرنے اور امن کو فروغ دینے کی کوششیں مؤثر بنائی جا سکیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے 193 رکنی جنرل اسمبلی میں ’جنرل اسمبلی کے کام کی از سرِ نو فعالیت‘ پر بحث کے دوران کہا کہ ایک فعال اور مؤثر جنرل اسمبلی دراصل ایک فعال اور مضبوط اقوام متحدہ کی بنیاد ہے، جنرل اسمبلی نہ صرف تنازعات کے حل بلکہ ان کے بنیادی اسباب کے تدارک میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، جس میں ثالثی اور پنچایت جیسے امن پسند طریقے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ قراردادوں پر لفظی اور عملی دونوں سطحوں پر عمل ہو، کیونکہ یہ صرف اخلاقی نہیں بلکہ قانونی اور سیاسی قوت کی حامل بھی ہوتی ہیں۔پاکستان نے قراردادوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مستقل میکانزم بنانے کی تجویز دہراتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کی باقاعدہ اور تفصیلی رپورٹس ضروری ہونی چاہئیں۔
اس سے جنرل اسمبلی کی مؤثریت، شفافیت اور اہمیت میں اضافہ ہوگا۔پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ دنیا اس وقت مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نظم و نسق سے لے کر بیرونی خلا اور عالمی وسائل کے پائیدار استعمال جیسے نئے چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی بھی ادارہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں دیے گئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کرے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے یاد دلایا کہ جب سلامتی کونسل کسی تنازع پر کارروائی سے قاصر یا بے رغبت ہو، تو جنرل اسمبلی مکمل طور پر بااختیار ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان جنرل اسمبلی کے کام کو بہتر بنانے اور غیر ضروری تکرار ختم کرنے کے لیے اصلاحات کی حمایت کرتا ہے، مگر اس عمل میں اقوام متحدہ کے تین ستون امن و سلامتی، ترقی، اور انسانی حقوق کی متوازن اہمیت برقرار رہنی چاہیے۔
پاکستانی سفیرنے سیکرٹر ی جنرل اور اعلیٰ انتظامی عہدوں کی تقرری میں شفافیت، جامعیت، صنفی مساوات اور علاقائی توازن کے اصولوں کی توثیق کی، خاص طور پر اُس وقت جب دنیا بھر سے اگلے سیکرٹر ی جنرل کے لیے خواتین امیدواروں کی حمایت بڑھ رہی ہے۔








