روسی سفیر کا نمل کا دورہ، روسی زبان کی تعلیم اور تعلیمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے پیر کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کا دورہ کیا اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں روسی زبان کی تعلیم، تعلیمی تبادلے اور ثقافتی تعاون کے حوالے سے طویل المدتی اور قلیل المدتی اشتراک کو مضبوط بنانے پر مفصل گفتگو ہوئی۔ملاقات میں طویل المدتی وژن کے تحت پاکستان میں …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے پیر کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کا دورہ کیا اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں روسی زبان کی تعلیم، تعلیمی تبادلے اور ثقافتی تعاون کے حوالے سے طویل المدتی اور قلیل المدتی اشتراک کو مضبوط بنانے پر مفصل گفتگو ہوئی۔ملاقات میں طویل المدتی وژن کے تحت پاکستان میں ابتدائی جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک روسی زبان متعارف کرانے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

اس منصوبے کے تحت روسی فیڈریشن کی معاونت سے مستند روسی اساتذہ پاکستان میں تدریس کے فرائض سر انجام دیں گے جس سے زبان کی مضبوط بنیادیں رکھنا اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ممکن ہوگا۔قلیل المدتی منصوبے میں جماعت 11 اور 12 کے طلبہ کے لئے روسی زبان کی تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی تاکہ انہیں روس میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، اسکالرشپس اور داخلے کے عمل میں بہتر رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

ریکٹر نمل نے روسی زبان و ثقافت کے فروغ کے لئے ادارے کے مضبوط عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نمل اپنے طلبہ اور غیر ملکی زبانوں میں مہارت کی وجہ سے روسی زبان کی تعلیم کو با آسانی وسعت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے بشرطیکہ مستند روسی اساتذہ دستیاب ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی طلبہ پاکستان میں اپنی انڈرگریجویٹ تعلیم مکمل کرنے کے بعد روس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔

ملاقات کے بعد دونوں فریقین نے کتب اور طباعتی مواد کی فراہمی سے متعلق ایکٹ آف ایکسیپٹنس پر دستخط کئے۔ یہ عمل روسی سفارتخانے اور نمل کے مابین دیرینہ شراکت داری کے تسلسل کی علامت ہے اور روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان ثقافتی مکالمے اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

اس معاہدے کے تحت سفارتخانے نے باضابطہ طور پر کتب اور طباعتی مواد نمل کے حوالے کیا۔آخر میں ریکٹر نمل نے روسی سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈی جی نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان،ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر ندیم طالب، ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر جمیل اصغر جامی اور ڈائریکٹر این آئی ایل او ڈاکٹر عاطف بھی اس موقع پر موجود تھے۔