آسٹریلیا واقعہ کی شدید مذمت، پاکستان دہشت گردی کے خلاف واضح مؤقف پر قائم، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ علامہ طاہر اشرفی

فیصل آباد ۔ 15 دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آسٹریلیا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق جوڑنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی جبکہ پوری پاکستانی قوم …

فیصل آباد ۔ 15 دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آسٹریلیا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق جوڑنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی جبکہ پوری پاکستانی قوم آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

آج یہاں ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر گول مسجد غلام محمد آباد میں علماء و مشائخ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل فلسطین میں بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہا ہے، اسی طرح دنیا کے مختلف حصوں میں ظلم اور ناانصافی کے واقعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہندوستان اور دیگر دشمن قوتوں کی جانب سے منظم اور جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کو پاکستان سے جوڑا جا سکے جو حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف مؤقف دو ٹوک اور غیر مبہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا حامی ہے اور پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن عناصر بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کے ذریعے ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کامیابی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کو جہاد کی بیعت اور دینی شعور سے بھی تکلیف ہے مگر قوم اپنے نظریے اور اقدار پر قائم ہے۔

حافظ طاہر اشرفی نے زور دے کر کہا کہ پوری قوم اپنے سپہ سالار اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اسلام آباد میں پانچ ہزار علماء نے متفقہ طور پر فوجی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں، تاہم استثنیٰ پر اعتراض کرنیوالوں کو پہلے شفافیت پر مبنی اعتراضات سامنے لانے چاہئیں کیونکہ یہاں معمولی جرائم پر مقدمات درج ہو جاتے ہیں جبکہ سنگین جرائم کے ملزمان جلد رہا ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہم سب اپنی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تاہم پارلیمان کو چاہیے کہ ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے کیونکہ موجودہ نظام کا عدل و انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک مضبوط فوج مستحکم اسلامی ریاست کی بنیادی ضرورت ہے اور فوج کو کمزور کرنے کے لیے تیار کی جانے والی سازشوں سے بھی ہم پوری طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک بھگوڑا گروہ سوشل میڈیا پر دن رات فوج کے خلاف منفی مہم چلا رہا ہے مگر قوم ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب اس ملک کے نظام کو خلافت راشدہ کے اصولوں کی طرف لے کر جانا ہے ۔انہوں نے فتنہ خوارج پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ چھوٹے بچوں کو گمراہ کر رہا ہے جس کے خلاف علماء اور ریاست کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے علماء پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مدارس و مساجد کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا کیونکہ یہی ادارے ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔