وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت سکھر ریلوے ڈویژن سے متعلق ایک اہم اجلاس

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت سکھر ریلوے ڈویژن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے انفراسٹرکچر، مسافروں کی سہولیات اور سندھ میں جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں وزیرِ ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ کے اشتراک سے سندھ بھر میں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت سکھر ریلوے ڈویژن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے انفراسٹرکچر، مسافروں کی سہولیات اور سندھ میں جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں وزیرِ ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ کے اشتراک سے سندھ بھر میں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان ریلوے پنجاب کے ساتھ ساتھ اب سندھ حکومت کے تعاون سے بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی کینٹ ریلوے سٹیشن کی کامیاب اپ گریڈیشن کے بعد اب روہڑی ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کی باری ہے۔ روہڑی ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے جبکہ رواں ماہ اس منصوبے کے لئے ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔روہڑی ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن سندھ حکومت کے تعاون سے مکمل کی جائے گی جس کی مجموعی لاگت کا 50 فیصد سندھ حکومت جبکہ 50 فیصد پاکستان ریلوے برداشت کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روہڑی ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن آئندہ سال جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے بعد روہڑی ریلوے سٹیشن ملک کے جدید ترین اور بہترین ریلوے سٹیشنز میں شامل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ روہڑی سٹیشن پاکستان ریلوے کا ایک اہم جنکشن ہے جہاں روزانہ 20 ہزار سے زائد مسافروں کی آمد و رفت ہوتی ہے، اس لئے سہولیات میں بہتری ناگزیر ہے۔اجلاس میں سندھ کے عوام کے لئے پاکستان ریلوے کی جانب سے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے سکھر ریلوے سٹیشن کو اس کی اصل تاریخی اور جمالیاتی حالت میں اپ لفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سکھر ایکسپریس کے ریکس کی ریفربشمنٹ اور اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے روہڑی اپ گریڈیشن منصوبے اور دیگر ریلوے ترقیاتی امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں غیر محفوظ ریلوے کراسنگز کو محفوظ بنانے کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی توجہ اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے کے باہمی اشتراک سے سندھ میں ریلوے کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مسافروں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لئے سندھ فوڈ اتھارٹی کو خط ارسال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیرِ ریلوے نے اس موقع پر واضح مؤقف اختیار کیا کہ فوڈ کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کو محفوظ، معیاری اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور سندھ کے عوام کو ریلوے کے شعبے میں مزید بہتری کے ثمرات جلد ملیں گے۔