اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور دلخراش باب ہے، 16 دسمبر 2014 کا دن پوری قوم کے لیے قیامت سے کم نہیں تھا جب علم کے متلاشی معصوم بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے گیارہ سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں انہوں …
سانحہ اے پی ایس قربانیوں کی ایک عظیم داستان ہے ،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور دلخراش باب ہے، 16 دسمبر 2014 کا دن پوری قوم کے لیے قیامت سے کم نہیں تھا جب علم کے متلاشی معصوم بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے گیارہ سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ننھے شہداء نے پاک وطن کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اس دن پاکستان اپنے کئی باصلاحیت ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ اور رہنماؤں سے محروم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ حصولِ علم کے لیے آنے والے طلبہ پر اندھا دھند فائرنگ سفاکیت اور درندگی کی بدترین مثال تھی، سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ والدین نے جس صبر، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ان معصوم بچوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد کو مزید مضبوط بناتی رہیں گی۔صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ہر لمحہ دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک افواج ہماری محافظ ہیں اور ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے دراصل ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج شہداء کے مزارات شجاعت، وفاداری اور قربانی کی روشن علامت بن چکے ہیں، سانحہ اے پی ایس قربانیوں کی ایک عظیم داستان ہے جو ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔انہوں نے سانحہ پشاور کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت اور سلام پیش کر تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور پاکستان کو دوبارہ کبھی ایسے سانحے سے دوچار نہ ہونے دے۔







