دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے پی ایس کی معصوم بچوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ، وفاقی وزیر مواصلات

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات وصدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے ننھے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ ابھی تک قوم کو سوگوار کرنے کا باعث ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات وصدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے ننھے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ ابھی تک قوم کو سوگوار کرنے کا باعث ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معصوم بچوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے ننھے شہدا قوم کے ہیرو ہیں۔سانحہ اے پی ایس قربانیوں کی عظیم داستان ہے جسے ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حصول علم کیلئے آئے طالب علموں پر اندھا دھند فائرنگ سفاکیت کی انتہا تھی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس بزدلانہ حملے سے پاکستان مستقبل کے کئی ڈاکٹرز، انجینئرز اور اساتذہ سے محروم ہو گیا اور اس نے کئی والدین کی زندگیوں کو تاریک کر دیا۔

انہوں نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہیں اور شہدا کے مزارات شجاعت و وفاداری کی یادگاریں بن چکے ہیں۔ عبد العلیم خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور قوم دوبارہ کبھی ایسے سانحے سے دو چار نہ ہو۔