راولپنڈی۔ 17 دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا اور 20 دسمبر کو پنجاب سمیت بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس موسمی …
محکمہ موسمیات کی پنجاب میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 17 دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا اور 20 دسمبر کو پنجاب سمیت بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
اس موسمی نظام کے زیر اثر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ 20 دسمبر کی شام سے 21 دسمبر کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک والی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ 20 دسمبر کی رات سے مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، مری اور گلیات میں بعض سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں اور بالخصوص سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی معلومات حاصل کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔








