آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی کثیر جہتی حکمت عملی کے موثر نتائج سامنے آئے ہیں،چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا بیان

108

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب نے گزشتہ تین سالوں کے دوران 50 ارب روپے برآمد کر نے کے ساتھ ساتھ بدعنوان عناصر کے خلاف 150 ریفرنسز بھی دائر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی معاشرے کےلئے کینسر کی طرح ہے اور یہ تمام برائیوں کی ماں ہے، ہمیں انسداد بدعنوانی حکمت عملی کے ذریعے کرپشن کا آہنی ہاتھوں کے ساتھ خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب مختلف سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مل کر بدعنوانی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، نیب کے نگرانی اور جائزہ کے نظام سے تمام شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے، نیب کی آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی کثیر جہتی حکمت عملی کے موثر نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے، یہ لیب ڈیجیٹل فرانزک، فنگر پرنٹ فورنزک اور سوالیہ دستاویزات کی سہولیات سے لیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی وضع کی ہے جس کے شاندار نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور نیب اب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے موثر انداز میں کام کر رہا ہے، تمام افسران کی کارکردگی شاندار ہے۔