اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو ملک میں نجکاری کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ میں 75 فیصد حصص کی نجکاری کے …
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو ملک میں نجکاری کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ میں 75 فیصد حصص کی نجکاری کے لیے نجکاری کمیشن بورڈ کی منظور شدہ/سفارش کردہ ریزرو قیمت کے تعین سے متعلق ایک سمری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے غور کے لیے پیش کی۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری سے متعلق نجکاری کمیشن/بورڈ کی جانب سے اختیار کیے گئے تمام عمل کا تفصیلی جائزہ لیا،پی سی بورڈ کی سفارشات پر غور کیا اور وفاقی کابینہ کے مزید غور کےلئے اس کی توثیق کی۔
نائب وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے وضع کردہ پالیسیوں، قوانین اور طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنے اور نجکاری کے بہترین بین الاقوامی طریقوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجکاری کے تمام لین دین کو قانون کے مطابق انجام دیا جائے، شفافیت کو برقرار رکھا جائے اور اس عمل میں تمام شرکاءکو برابری کی سطح پر رکھا جائے۔
اجلاس میں خزانہ، بجلی اور تجارت کے وزراءکے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، صنعت اور پیداوار، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق باجوہ اور بلال کیانی، وفاقی سیکرٹریز برائے کابینہ، نجکاری، منصوبہ بندی، تجارت، دفاع، قانون، بجلی اور نجکاری کمیشن نے شرکت کی۔








