نمل میں 2روزہ جاب فئیر کا انعقاد، ٹیکنالوجی، بینکنگ و فنانس، رئیل سٹیٹ، میڈیا اور کارپوریٹ سروسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 73 ممتاز قومی و ملٹی نیشنل کمپنیوں کی شرکت

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)اسلام آباد کے پلیسمنٹ سینٹر نے دو روزہ فلیگ شپ کیریئر اور انوویشن ایونٹ ’’نیکسس 25‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس ایونٹ کا مقصد صنعت، تعلیمی اداروں، محققین اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر لانا، صنعت و جامعہ روابط کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع کو فروغ دینا، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی اور مستقبل کی مہارتوں کو اجاگر کرنا …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)اسلام آباد کے پلیسمنٹ سینٹر نے دو روزہ فلیگ شپ کیریئر اور انوویشن ایونٹ ’’نیکسس 25‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس ایونٹ کا مقصد صنعت، تعلیمی اداروں، محققین اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر لانا، صنعت و جامعہ روابط کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع کو فروغ دینا، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی اور مستقبل کی مہارتوں کو اجاگر کرنا تھا۔

نمل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیکسس 25 کے پہلے دن نمل جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹیکنالوجی، بینکنگ و فنانس، رئیل سٹیٹ، میڈیا، تعلیم اور کارپوریٹ سروسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 73 ممتاز قومی و ملٹی نیشنل تنظیموں نے شرکت کی۔ نمایاں اداروں میں ہواوے، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل )، عسکری بینک، ایم جی راولپنڈی، البیرونی ٹیک، خیبر نیٹ ورک، ایجنسی 21، کے ٹو، سکانز اور امارت گروپ سمیت دیگر شامل تھے۔

جاب فیئر کی افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) ڈاکٹر نور آمنہ ملک تھیں جبکہ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی بھی موجود تھے۔ تقریب میں پرو ریکٹر ریسرچ اینڈ سٹریٹجک انیشی ایٹوز پروفیسر ڈاکٹر محمد صفیر اعوان، ہیڈ پلیسمنٹ سینٹر ڈاکٹر زوہیب احمد، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، صنعت کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے منظم صنعتی شراکت، روزگار سے ہم آہنگ تعلیم اور مہارتوں کی مسلسل بہتری ناگزیر ہے۔

ریکٹر نمل نے یونیورسٹی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیکسس 25 جیسے کیریئر پر مبنی پلیٹ فارمز کے ذریعے جامعہ اور صنعت کے درمیان فاصلے کو کم کیا جائے گا۔ جاب فیئر کے دوران طلبہ اور سابق طلبہ کو آن دی سپاٹ انٹرویوز، کیریئر کونسلنگ اور پروفیشنل نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کئے گئے جس سے نمل کے انڈسٹری ریڈی گریجویٹس تیار کرنے کے کردار کو مزید تقویت ملی۔نیکسس25 کے دوسرے دن انٹر یونیورسٹی فائنل ایئر پروجیکٹ مقابلے کیلئے پیش کئے گئے۔

بحریہ یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی ، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی اور کیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت معروف جامعات کے طلبہ نے 70 سے زائد فائنل ایئر پراجیکٹس پیش کئے جو ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ، اپلائیڈ ریسرچ اور جدت طرازی پر مبنی تھے۔ ان پراجیکٹس کا جائزہ آئی ٹی انڈسٹری کے ماہرین کے پینل نے لیا تاکہ عملی افادیت اور صنعتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔نمایاں کارکردگی دکھانے والی تین بہترین ٹیموں کو شیلڈز، اسناد، نقد انعامات اور گفٹ ہیمپرز سے نوازا گیا۔دوسرے دن کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر (این اے آرسی ) ڈاکٹر خالد محمود تھے۔

ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، پرو ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد صفیر اعوان، ہیڈ پلیسمنٹ سینٹر ڈاکٹر زوہیب احمد اور نمل کے ڈینز و ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ ایونٹ کے دوران نیکسس 25 راؤنڈ ٹیبل کے عنوان سے ایک خصوصی ٹاک شو بھی ریکارڈ کیا گیا جس کا موضوع ’’ٹیکنالوجی سے جڑی دنیا میں مستقبل کی مہارتیں: جہاں مصنوعی ذہانت اور انسانی نفسیات کا ملاپ ہوتا ہے‘‘ تھا۔

اس سیشن میں ممتاز مقررین ڈاکٹر فیض احمد (امریکہ) اور فرح ہینا (یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ) نے مصنوعی ذہانت، انسانی رویوں اور مستقبل کی ملازمتوں کے لئے درکار ابھرتی ہوئی مہارتوں پر قیمتی بصیرت فراہم کی۔نیکسس 25 ایک جامع اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر اختتام پذیر ہوا ،جس نے گریجویٹس کی ملازمت کے مواقع میں اضافے، بین الجامعات تعاون کے فروغ، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی اور طلبہ کو تیزی سے بدلتی ہوئی، ٹیکنالوجی پر مبنی عالمی دنیا میں کامیابی کے لئے تیار کرنے کے حوالے سے نمل کے عزم کو نمایاں کیا۔