اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے چترال میں شدید برف باری کے باعث برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ نے اس دلخراش سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی …
چیئرمین سینیٹ کا چترال میں برفانی تودہ گرنے کے المناک واقعے پر اظہار افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے چترال میں شدید برف باری کے باعث برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ نے اس دلخراش سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو رنجیدہ کر دیا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے مشکل حالات میں عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برف باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں فوری، مؤثر اور بلا تاخیر یقینی بنائی جائیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے شاہراہوں کی فوری بحالی، بجلی اور مواصلاتی نظام کی درستگی اور طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہمہ وقت چوکنا اور تیار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ایندھن کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
آخر میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔








