
نیویارک۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سندھ طاس معاہدہ کی شرائط کے بارے میں کوئی ابہام نہیں ہے، ہم باہمی مذاکراتی حل تلاش کرنے کیلئے عالمی بینک کے ساتھ مصروف عمل رہنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کی سی ای او کرسٹا لینا جارجیوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ سی ای او نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے میکرو اکنامک فریم ورک کے استحکام میں پاکستان کی پیشرفت کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں مزید اصلاحات کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدہ میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اب معاہدہ میں آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔