ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا

فیصل آباد۔ 06 فروری (اے پی پی):ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ’’یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ‘‘ ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا ،جس نے شیر پنجاب ٹائیگرز کبڈی کلب کو 35 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے نقد کے انعامات دیئے گئے۔ …

فیصل آباد۔ 06 فروری (اے پی پی):ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ’’یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ‘‘ ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا ،جس نے شیر پنجاب ٹائیگرز کبڈی کلب کو 35 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے نقد کے انعامات دیئے گئے۔ ایف ڈی اے سٹی کے ڈی بلاک کے گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ کے فائنل میچ میں ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا مہمان خصوصی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان اعزاز تھے۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر/ ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ایف ڈی اے کے دیگر افسران کے علاوہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ، آرگنائزنگ سیکرٹری طیب گیلانی، عمائدین شہر، شعبہ سپورٹس کی ممتاز شخصیات اور بہت بڑی تعداد میں کبڈی کے شائقین اس موقع پر موجود تھے۔ سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور مزمل بوٹا آزاد کبڈی کلب کی ٹیموں نے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن کر کے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی حاصل کی۔

مہمان خصوصی ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا فائنل میچ کی ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اور اختتام پر انعامات تقسیم کیے گئے۔کثیر تعداد میں شائقین نامور کبڈی ٹیموں کے سخت اور سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ تقسیم انعامات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا نے یوم کشمیر کبڈی کپ جیتنے والے ٹیم کو مبارکباد دی اور بہترین مقابلوں پر دیگر شریک ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت اور گہری وابستگی کا نمایاں اظہار کرنے کے لئے کبڈی کے مقبول کھیل کے انعقاد پر ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری اور ان کی ٹیم کے شاندار اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر پر کبڈی کے پرجوش اور کانٹے دار مقابلوں سے عوامی سطح پر مسئلہ کشمیر منفرد انداز میں اجاگر ہوا ہے۔

انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا پاکستانی قوم کے دل کشمیر بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جب بھی پاکستان کی طرف میلی انکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا گیا اور معرکہ حق میں انڈیا کی عبرت ناک شکست کو پوری دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیشمار قربانیوں کے ساتھ حاصل کیا گیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر ایم پی اے ظفر اقبال ناگرہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے ایف ڈی اے کی طرف سے ہمہ جہت اقدامات کئے گئے۔