گورنر فیصل کریم کنڈی کا پمز ہسپتال کا دورہ،اسلام آباد دھماکے میں زخمی ہونےوالے افراد کی عیادت

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کوپمز ہسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا،انہوں نے اسلام آباد دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر گورنرخیبر پختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پمز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کےلیے آئے ہیں، ایک بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے …

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کوپمز ہسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا،انہوں نے اسلام آباد دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر گورنرخیبر پختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پمز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کےلیے آئے ہیں، ایک بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس، سکیورٹی فورسزکے نوجوان اور عوام شہید ہو رہے ہیں، بی ایل اے ،فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پراکسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، بزدلانہ وار سے ڈرنے والے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے مسجد میں اور پھر وزیرستان میں بھی دہشت گردی کرائی،بھارت نے پاکستان سے جنگ ہارنے کے بعد ایسے عناصر کو متحرک کر دیا ہے، دنیا نے پاکستان کی جیت کو سراہا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج عوام کا تحفظ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں زخمیوں کا بہتر علاج ہو رہا ہے، میں نے وزٹ کیا، یہاں کے مریض اور ان کے اہل خانہ علاج سے مطمئن ہیں، چاہتا ہوں ان کا مزید بہتر علاج ہوتا کہ وہ دوبارہ صحت مند زندگی شروع کر سکیں۔