وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

117
APP57-26 ISLAMABAD: September 26 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi chairing the meeting of the Federal Cabinet at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو اپنے دورہ امریکہ کے بارے میں آگاہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ، بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھارت کے جارحانہ رویہ، افغانستان و خطہ میں امن و استحکام اور میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار سمیت اہم معاملات پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنی دوطرفہ ملاقاتوں بالخصوص امریکہ کے نائب صدر، ایران اور ترکی کے صدور، سری لنکا کے وزیراعظم، عالمی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اردن کے شاہ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے ان ملاقاتوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی کے ساتھ ساتھ عالمی طاقتوں کے ساتھ باہمی احترام، مساوات اور شراکت داری پر مبنی تعلق چاہتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کیلئے دی گئی بھاری قربانیوں اور خدمات کو تسلیم کیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے بین الاقوامی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ بھرپور طریقہ سے پیش کرنے اور جراتمندانہ موقف اختیار کرنے پر وزیراعظم کو سراہا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے اجلاس میں بجلی کی موجودہ اور مستقبل کی طلب و رسد کی صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت جون 2018ءتک 11500 میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کرے گی، جون 2017ءتک 6100 میگاواٹ سے زائد بجلی پہلے ہی سسٹم میں شامل ہو چکی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ رواں سال نومبر تک لوڈ شیڈنگ معمولی رہ جائے گی۔ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری سے متعلق اقدامات کے بارے میں بھی کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔