بی آر سی اوتھل کے طلبا و اساتذہ کی وزیر تجارت سے ملاقات، سیکنڈ ایئر فائنل بیچ کے تمام سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، جام کمال خان

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی)اوتھل کے طلبا اور اساتذہ نے آل پاکستان مطالعاتی دورے کے دوران پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی،اس موقع پر وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ایئر کے فائنل بیچ کے تمام طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ وزارت تجارت سے جاری بیان …

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی)اوتھل کے طلبا اور اساتذہ نے آل پاکستان مطالعاتی دورے کے دوران پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی،اس موقع پر وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ایئر کے فائنل بیچ کے تمام طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ایئر کے فائنل بیچ کے تمام طبا کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو مضبوط بنا سکیں،موجودہ دور میں ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ بی آر سی اوتھل کا قیام ان کے والد مرحوم سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام میر محمد یوسف نے لسبیلہ کے عوام کو تحفے کے طور پر دیا تھا جو جام خاندان کی علم دوستی اور نوجوانوں سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔

بچوں سے بات کرتے ہوے وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی دنیا کو تیزی سے بدل رہی ہے، آج موبائل فون وہ کام انجام دے رہا ہے جو پہلے مختلف دفاتر اور پیشہ ور افراد کیا کرتے تھے، آنے والے مہینوں میں یہ صلاحیتیں مزید کئی گنا بڑھ جائیں گی.

اس تناظر میں انہوں نے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ جام کمال خان نے زرعی شعبے، لائیو سٹاک، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا سینٹرز، بیٹری ٹیکنالوجی، پاور سیکٹر اور مائننگ کو مستقبل کے اہم شعبے قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کاپر، گولڈ، کرومائٹ، میگنیز، آئرن اور اینٹیمنی جیسے قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے جو جدید صنعتوں اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا موقع ایک بار ضائع ہو جائے تو دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے طلبا کو پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں کو جدید تحقیقی اور سائنسی شعبوں کی طرف بھی راغب کیا۔انہوں نے جدید تعلیمی سہولیات، فائبر آپٹک انٹرنیٹ، ہائی ٹیک لیبارٹریز اور انڈسٹری سے منسلک جامعات کی ضرورت پر زور دیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اعلیٰ تعلیمی اداروں خصوصاً نسٹ جیسے اداروں کا رخ کریں جہاں تحقیق اور صنعت کا مؤثر امتزاج موجود ہے۔ملاقات کے اختتام پر طلبا نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے اعلان کو نوجوانوں کے لیے ایک اہم اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔