35.5 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بحرین کی ایوان بالا شوریٰ کونسل کے...

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بحرین کی ایوان بالا شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو

- Advertisement -

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بحرین کی ایوان بالا شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سلطنت بحرین کو قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے، پارلیمانی روابط میں اضافہ سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے، بحرین کے ساتھ توانائی، تجارت اور معیشت کے دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں بحرین کی ایوان بالا شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے وفد کے دورہ پاکستان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان سلطنت بحرین کو قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی اور عوام کے درمیان مضبوط رابطوں کی بنیاد پر استوار ہیں۔ وزیراعظم نے بحرین کے وفد کی پاکستان کے اراکین پارلیمان کے ساتھ موثر رابطوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں بشمول بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بعد ازاں بحرین کے وزیراعظم اور وزراءخارجہ کے دوروں کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس طرح کے دوطرفہ دورے جاری رہنے چاہئیں کیونکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جولائی 2016ءمیں پاک بحرین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے آغاز اور فروری 2017ءمیں مشترکہ وزارتی کونسل کے اجلاس کے انعقاد سے بحرین کے ساتھ توانائی، تجارت اور معیشت کے دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دینے کی ہماری خواہش ظاہر ہوتی ہے۔ بحرین کی شوریٰ کونسل کے وفد میں ڈپٹی چیئرمین جمیلہ ناسیف، خارجہ امور دفاع اور قومی سلامتی کی کمیٹی کے سربراہ خالد محمد المسلم، پبلک سروس کمیٹی کے ڈپٹی ہیڈ نوار علی المحمود اور نوجوانوں کی کمیٹی کے اراکین شامل تھے۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

- Advertisement -

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71381

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں