مکہ مکرمہ۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو پیچیدہ اور کثیر الجہتی چیلنجز کا سامنا ہے، اسلامو فوبیا میں اضافہ، انتہا پسندی اور تشدد کے واقعات اور غلط معلومات کا پھیلاؤ سنگین خدشات ہیں جو اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کر رہے ہیں اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ان چیلنجوں سے نمٹنے کے …
اسلامو فوبیا میں اضافہ اور غلط معلومات کا پھیلاؤ اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کر رہے ہیں ، سردار محمد یوسف
مکہ مکرمہ۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو پیچیدہ اور کثیر الجہتی چیلنجز کا سامنا ہے، اسلامو فوبیا میں اضافہ، انتہا پسندی اور تشدد کے واقعات اور غلط معلومات کا پھیلاؤ سنگین خدشات ہیں جو اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کر رہے ہیں اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط عالمی حکمت عملی، موثر رابطے اور مضبوط بین المذاہب مکالمے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اسلامی ممالک کے وزرائے اوقاف و مذہبی امور کی ایگزیکٹو کونسل کے پندرہویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت اور سرپرستی اور اس اہم ملاقات کے شاندار انتظامات اور پرتپاک مہمان نوازی کے لئے مملکت سعودی عرب کی حکومت کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی امت مسلمہ کے اتحاد، مذہبی رہنمائی اور اوقاف کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات نہ صرف اس معزز فورم کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ امت مسلمہ کی فکری اور مذہبی رہنمائی کے لئے ہمارے اجتماعی عزم کی تجدید بھی ہے، پاکستان اس پلیٹ فارم کو اسلامی دنیا میں اعتدال، ہم آہنگی، امن اور بامعنی تعاون کو فروغ دینے کے لئے انتہائی موثر سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم رکن ممالک کے خیالات کو جامع انداز میں شامل کرنے میں جنرل سیکرٹریٹ کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو باہمی اعتماد اور مشترکہ ذمہ داری کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان اس اجلاس کے مجوزہ فیصلوں اور سفارشات کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور ان پر موثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اوقاف کے ادارے امت مسلمہ کا اہم اور پائیدار اثاثہ ہیں، موثر حکمرانی، شفافیت اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ساتھ وہ نہ صرف مذہبی خدمت کے ذریعہ بلکہ سماجی و اقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے، تعلیم اور فلاح و بہبود کے ایک طاقتور فورم کے طور پر بھی کام کر سکتے ہیں، پاکستان اس سلسلے میں عملی اصلاحات کر رہا ہے جس میں ڈیجیٹلائزیشن، بہتر شفافیت اور بہتر نگرانی کے طریقہ کار شامل ہیں، ہم رکن ممالک کے درمیان مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہیں، اس کے ساتھ تربیتی پروگراموں اور بہترین طریقوں کے تبادلے بھی ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک مستقل اور پرعزم جدوجہد کی ہے، بے پناہ قربانیوں سے اس سلسلہ میں عالمی سطح پر مسلمہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور یہ غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری ہےہمارے مذہبی سکالرز نے انتہا پسندانہ بیانیہ کا مقابلہ کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں قابل تحسین کردار ادا کیا ہے، اس سلسلہ میں نوجوانوں کو توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے
صحیح مذہبی فہم کی کمی اور غلط معلومات کا اثر نقصان دہ رجحانات کو جنم دے سکتا ہے لہٰذا نوجوانوں میں اعتدال، ذمہ دارانہ فکر کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے قرآن حکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ہمیں حکمت، اعتدال اور تعمیری فکر و فہم کی طرف رہنمائی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اصولوں کو ہمارے اجتماعی نقطہ نظر کی بنیاد بنانا چاہئے تاکہ ہم دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی، پرامن اور متوازن تصویر پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر حرمین الشریفین کے لئے مثالی خدمات، زائرین کی سہولت اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے کوششوں کو سراہتا ہوں، پاکستانی عوام مکہ اور مدینہ کے ساتھ گہرے روحانی رشتے میں ہیں اور ہم مملکت کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک متوازن، پرامن اور باوقار عالمی اسلامی بیانیہ کی تشکیل کے لئے اس فورم کے ساتھ کام کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور مشترکہ اقدامات، تربیتی پروگراموں اور پالیسی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں اوراس اجلاس کے نتائج میں برکت عطا فرمائے ، اللہ کریم ہمیں اسلام اور امت کی بہترین طریقے سے خدمت کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔









