اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لبنان میں تین انڈونیشین امن اہلکاروں کی ہلاکت کے پیچھے ابتدائی طور پر اسرائیلی ٹینک فائر اور حزب اللہ کا دھماکہ ذمہ دار ہو سکتا ہے۔
لبنان میں 3 انڈونیشین امن اہلکاروں کی ہلاکت، اسرائیلی ٹینک فائر اور حزب اللہ دھماکہ ذمہ دار قرار

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔8اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لبنان میں تین انڈونیشین امن اہلکاروں کی ہلاکت کے پیچھے ابتدائی طور پر اسرائیلی ٹینک فائر اور حزب اللہ کا دھماکہ ذمہ دار ہو سکتا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ یہ ابتدائی تحقیقات ہیں جو شواہد کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہیں، جبکہ مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ناقابل قبول ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ نے متعلقہ ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، کیونکہ امن اہلکاروں پر حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کی امن فوج (یواین آئی ایف ایل )نے جاں بحق اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ بیروت میں ایک تقریب کے دوران ان کی خدمات کے اعتراف میں بعد از مرگ اعزازات بھی دیے گئے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں اور انڈونیشیا کی حکومت سے اظہار تعزیت کیا ہے اور امن مشن کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔








