اقوام متحدہ کا ایران امریکا جنگ بندی کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ ۔8اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔یواین نیوز کے مطابق سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور جنگ بندی کی شرائط پر عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مظالم کے خاتمے کی فوری ضرورت ہے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور انسانی مصائب میں کمی ممکن ہو سکے۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ژاں آرنو خطے میں موجود ہیں تاکہ پائیدار امن کے حصول کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کی جا سکے۔