بیرون ممالک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی رفتار کو مضبوط بنانے میں بدستور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،خرم شہزاد

وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی رفتار کو مضبوط بنانے میں بدستور اپناکلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی رفتار کو مضبوط بنانے میں بدستور اپناکلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر معاشی استحکام اور زرِمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کا اہم ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔گزشتہ روزسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 30.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مارچ 20-26 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلاتِ زر 3.8 ارب ڈالر رہیں، جو فروری 2026 کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔خرم شہزادنے کہاکہ اندازوں کے مطابق پورے مالی سال 2026 کے اختتام تک ترسیلاتِ زر کا حجم 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا، جبکہ مالی سال 2025 میں یہ حجم 38 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بدستور ملکی معیشت کی رفتار کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی ترسیلاتِ زر معاشی استحکام اور زرِمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کا اہم ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔