جڑواں شہروں اسلام آباد۔ راولپنڈی کی مسیحی برادری نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کی قیادت کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مسیحی برادری کا امن اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کے کردار پر خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):جڑواں شہروں اسلام آباد۔ راولپنڈی کی مسیحی برادری نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کی قیادت کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری اہنے ایک بیان میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد، آرچ بشپ-بشپ آف اسلام آباد-راولپنڈی اور سابق کیتھولک بشپس کانفرنس آف پاکستان کے صدر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارت کاری اور بین الاقوامی سطح کے مثبت کردار کے مسلسل عزم کو سراہا۔
آرچ بشپ نے خاص طور پر امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکرات کو آسان بنانے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جنگ بندی اور "اسلام آباد مذاکرات” دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ کوششیں امن کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم اور فریقین کو بات چیت کے ذریعے اکٹھا کرنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قیادت تنازعات سے متاثر ہونے والی دنیا کو امید فراہم کرتی ہے۔بیان میں پوپ لیو کے پیغام کو بھی اجاگر کیا گیا جنہوں نے حال ہی میں "جنگ کی غیر معقولیت” کے بارے بات چیت، مفاہمت اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ آرچ بشپ نے انسانی زندگی کے تحفظ اور دیرپا امن کو فروغ دینے کی تمام کوششوں کے ساتھ چرچ کی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔کیتھولک کمیونٹی نے پاکستان کے استحکام اور عالمی برادری میں امن کے لیے اس کے کردار کے لیے دعائیں بھی کیں۔








