وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کی زیر صدارت ایکسپورٹ لنکیجز کمیٹی کا اجلاس

وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کی زیر صدارت ایکسپورٹ لنکیجز کمیٹی کا اجلاس

لاہور۔30اپریل (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ میں ایکسپورٹ لنکیجز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک سمیت متعلقہ اعلی افسران اور ایکسپورٹ لنکیجز کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری لائیو سٹاک نے وفاقی وزیر کو لائیو سٹاک مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ بزنس ٹو بزنس معاہدوں کے تحت ڈیزیز کنٹرولڈ کمپارٹمنٹس کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ اور بیماریوں سے پاک پیداوار کو یقینی بنانا ہے۔

اس اقدام کے ذریعے انڈونیشیا، ملائیشیا اور چین کے ساتھ موثر تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ لائیو سٹاک مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے۔

سیکرٹری لائیو سٹاک نے مزید آگاہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے چین کو بوائلڈ بیف کی برآمدات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔

وفاقی وزیر نے محکمہ لائیو سٹاک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میٹ ایکسپورٹرز کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتیں نہایت اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف نجی شعبے کے اعتماد میں اضافہ کریں گے بلکہ ملکی برآمدات اور زرِ مبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری کا باعث بھی بنیں گے۔

آخر میں وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ایکسپورٹ لنکیجز کے فروغ، نئے عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو تیز کریں، تاکہ لائیو سٹاک سیکٹر کو قومی معیشت میں ایک مضبوط ستون کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔

مزید خبریں