گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی ملاقات

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ندیم اسلم چوہدری نے ملاقات کی جس میں صوبے سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، سہولیات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہاں ملاقات میں وفاقی سیکرٹری نے گورنر خیبرپختونخوا کو بتایا کہ ڈی آئی خان میں پروٹیکٹوریٹ آفس کے قیام کی منظوری دی جا چکی ہے اور رواں سال اس کا افتتاح کردیا جائے گا۔

ڈی آئی خان میں پروٹیکٹوریٹ دفتر کے قیام سے بیرون ملک جانے والے جنوبی اضلاع کے عوام کو سہولیات میسر آئیں گی۔ ملاقات کے دوران بیرون ملک مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل، ان کے ساتھ رابطوں کو موثر بنانے اور انہیں صوبے میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسان سہولیات، شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے اوورسیز شہریوں کے مسائل کے حل اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیئے جہاں بھی ضرورت ہوگی گورنر ہائوس کردار ادا کرے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیکرٹری اوورسیز ندیم اسلم چوہدری کو اوورسیز کنونشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔

مزید خبریں