ٹیکا کی قیادت میں اعلیٰ سطحی ترک تکنیکی وفد کا پاکستان کا دورہ ، سیلابی انتظام، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ابتدائی وارننگ سسٹمز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

ترک تعاون و ہم آہنگی ایجنسی (ٹیکا) کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ترک تکنیکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ،جس کے دوران سیلابی انتظام، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ابتدائی وارننگ سسٹمز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):ترک تعاون و ہم آہنگی ایجنسی (ٹیکا) کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ترک تکنیکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ،جس کے دوران سیلابی انتظام، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ابتدائی وارننگ سسٹمز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس دورے کا مقصد تکنیکی مشاورت، فیلڈ اسیسمنٹ اور ادارہ جاتی تبادلوں کے ذریعے مستقبل میں مشترکہ تعاون کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرنا تھا۔ ترک وفد میں جمہوریہ ترکیہ کی وزارت ماحولیات، شہری ترقی و ماحولیاتی تبدیلی، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سٹیٹ ہائیڈرولک ورکس، جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے واٹر مینجمنٹ اور ٹیکا کے ماہرین شامل تھے۔ وفد نے اپنے قیام کے دوران پاکستان کے اہم اداروں بشمول فیڈرل فلڈ کمیشن، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور تکنیکی مشاورت کی۔ اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی سیکرٹری عائشہ حمیرا چوہدری اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیلاب اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے تجربات کے تبادلے اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران واٹر، سینیٹیشن اینڈ ہائیجین (واش)، سیلاب اور دریا کے بیسن مینجمنٹ، گلیشیئر اور برفانی تودوں کے انتظام، صحرائی پھیلائو اور مٹی کے کٹائو کی روک تھام، ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط انفراسٹرکچر اور ابتدائی وارننگ و ہائیڈرو میٹرولوجیکل نظام سے متعلق جاری اور مجوزہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ زیرو ویسٹ اقدامات، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ، تکنیکی تربیتی پروگرامز اور ماحولیاتی موافقت کے لیے مشترکہ تحقیق و ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترک وفد نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور لاہور میں مختلف ہائیڈرو میٹرولوجیکل مانیٹرنگ مراکز اور سیلابی انتظامی تنصیبات کا دورہ بھی کیا جہاں ٹیلی میٹری پر مبنی ہائیڈرو میٹ سٹیشنز، سیلاب سے متاثرہ دریا کے علاقوں اور فعال پیشگوئی مراکز کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ماہرین نے مربوط سیلابی پیشگوئی نظام، ڈیٹا پر مبنی رسک مانیٹرنگ اور کمیونٹی کی سطح پر ماحولیاتی لچک بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ پریس ریلیز کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے اور اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔