
صدر مملکت ممنون حسین سے ترکی کے وزیر قومی دفاع فکری آئیزک کی ملاقات
پاکستان اور ترکی بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جس کی جڑیں مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت میں پیوست ہیں، ممنون حسین
اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جس کی جڑیں مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت میں پیوست ہیں۔ انہوں نے یہ بات ترکی کے وزیر قومی دفاع فکری آئیزک سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر ممنون حسین نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے جمہوری اقدامات کو سراہتے ہوئے بینالی یلدرم کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے فکری آئیزک کو قومی دفاع کا وزیر مقرر ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن کے عمل میں ترکی کی شرکت کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان، ترکی اور قطر کے مابین ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اہلکاروں کی تربیت کے معاہدے پر دستخط کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔