وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر منعقدہ شاندار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان، شہدا اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کو ایک بار پھر اللہ تعالی کی طرف سے دی ہوئی بنیان مرصوص میں فتح پر بہت بہت مبارک ہو ،معرکہ …
واہگہ بارڈر پر یومِ فتح بنیان مرصوص کی شاندار تقریب، مریم نواز کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
لاہور۔10مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر منعقدہ شاندار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان، شہدا اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کو ایک بار پھر اللہ تعالی کی طرف سے دی ہوئی بنیان مرصوص میں فتح پر بہت بہت مبارک ہو ،معرکہ حق میں فتح کی آپ سب کو اور پوری پاکستانی قوم کو بہت بہت مبارک ہو،آج ہم اس دہلیز پر کھڑے ہیں جہاں سے پاکستان کی سرحد شروع ہوتی ہے ،یہ وہ ریڈ لائن ہے جو یہاں تک محدود نہیں، ہمارے پاکستانیوں کے دل میں ریڈ لائن کھینچی ہوئی ہے،جس نے بھی اس ریڈ لائن کو کراس کرنے کا خواب دیکھا،پاکستان نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا ،جب دشمن نے وار کیا تو پاکستان نے بتا دیا کہ ہم سب بنیان مرصوص ہیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام بنیان مرصوص ہیں،سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں ،پاک فوج کے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہوں ،جنہوں نے اپنی جانو ں کی قربانی دے کر ہماری مٹی کی، ہماری جانوں اور سب کی حفاظت کی ،تمام شہیدوں کو سلام،ان کی مائوں کو سلام،جنہو ں نے ان کے یونیفارم کے بٹن بند کرتے ہوئے کہاتھا کہ اگر وطن عزیز کو ضرورت پڑی تو قربانی سے دریغ نہ کرنا ،شہدا کی بیویوں کو سلام، جنہوں نے اپنے شوہروں کو وطن کی حفاظت کے لئے بھیجا،آج بھی اپنے شہید شوہروں کا راستہ دیکھتی ہوں گی،شہدا کے بچوں کو سلام جنہوں نے اس مٹی کو زندہ رکھنے کے لئے اپنے والد کی قربانی دی،شہید زندہ ہیں کیونکہ قرآن کہتا ہے، اللہ تعالی کہتا ہے کہ شہید زندہ ہیں ،وہ اللہ تعالی کے پاس ایسی جگہ پرہیں جہاں غم ہے نہ خوف ہے، صرف اللہ تعالی کی رحمت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ فتح اکیلے نہیں آتی، اس میں وہ تمام ہوتے ہیں جو رات کو سوتے نہیں وطن عزیز کی فکر کرتے ہیں ،وہ دل ہوتے ہیں جن کے دلوں میں پاکستان بستاہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ آج محمدنوازشریف کو بھی سلام جنہوں نے دنیا کی پروا ہ نہ کرتے ہوئے اللہ تعالی کے فضل سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا ،آج جے ایف تھنڈر او رجن پر ہم فخر کرتے ہیں ،وہ نوازشریف کے بنائے ہوئے ہیں ۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے نہ صرف ملکی معیشت کو سہارا دیا بلکہ پاکستان کا نام پوری دنیامیں روشن کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 25کروڑ پاکستانیوں کی امانت کی بہترین طریقے سے حفاظت کی ۔
وزیراعلی ٰ نے کہاکہ وقت آنے پر دشمن کو ایسا جواب دیا کہ دشمن دیکھتا رہ گیا،افواج پاکستان چاہے وہ بحری فوج ہو، فضائیہ ہو یا بری فوج ہو، پاکستان کی رینجر ہو پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے،پاک فوج کی اتنی بڑی بڑی قربانیاں ہیں ان کو کسی ایک جملے میں،کسی ایک تقریب میں نہیں سمو سکتے ،آیئے مل کر ایک نعرہ لگا دیں جس سے وہ فوجی جو سرحدوں پر کھڑے ہیں، وہ جو فوجی لیڈر شپ ہے جو دن رات کام کررہی ہے، پاکستان کے لئے ان کو پتہ چلے کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی ٰ نے کہاکہ پاکستان کی کامیابیاں دیکھ کر آپ کے چہرے جس طرح چمک رہے ہیں، پاکستان انشاء اللہ کامیاب ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور جنگ پاکستان نے جیتی ہے، اس میں پاکستان نے کوئی گولی نہیں چلائی، کوئی تلوار نہیں اٹھائی اور وہ ہے عالمی محاذ پر جو پاکستان نے شہبازشریف او رفیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں جنگ جیتی ہے،جب بھی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں یہ لکھا جائے گا کہ خطرناک ترین وار آف تھری اگر کسی ملک نے رکوائی ہے تو وہ پاکستان ہے ،پاکستان کو جن جن ممالک میں کٹہرے میں کھڑا کیاجاتا تھا، آج وہی ممالک پاکستان کی تعریف کررہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ آپ کو پاکستان کی فتح بہت بہت مبارک ہو،اللہ کرے پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے ،اللہ تعالی افواج پاکستان کو سلامت رکھے،اللہ تعالی نوازشریف اور شہبازشریف کو سلامت رکھے،اللہ تعالی پاکستان کے عوام کو سلامت رکھے،پاکستان کو اللہ تعالی بہت زیادہ ترقی دے،اللہ تعالی آپ کی بہن،بیٹی کو توفیق دے کہ اپنے ملک کا نام روشن کرسکے۔ وزیراعلی نے کہاکہ میرے ساتھ ایک نعرہ لگانا کہ سرحد پار آواز جائے،پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔ تقریب میں صوبائی وزرا سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ وزیراعلی مریم نواز نے یادگار شہدا پر پھول رکھے،ملی نغمو ں نے خون گرما دیا، شہری پرجوش،فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ،ہم سے قائم وطن کی ناموس، ہم ہیں بنیان مرصوص۔









