ماں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے اور محبت، ہمدردی اور اور بے لوث قربانی کی ابدی علامت ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مائوں کے عالمی دن پر پیغام
ماں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے اور محبت، ہمدردی اور اور بے لوث قربانی کی ابدی علامت ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مائوں کے عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ماں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے اور محبت، ہمدردی اور اور بے لوث قربانی کی ابدی علامت ہے۔ماں کے دن کے موقع پر جاری کردہ ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماں نہ صرف خاندان کی بنیاد ہے بلکہ ایک مہذب، باوقار اور مضبوط معاشرے کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ایوان بالا کے چیئرمین نے کہا کہ دنیا بھر میں مائوں کے اعزاز اور ان کی انمول خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے منایا جانے والا یہ دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ماں کی محبت بے لوث، خالص اور انسانیت کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں کی گود تعلیم و تربیت کا پہلا ادارہ ہے، جہاں فرد کو محبت، اخلاقیات، برداشت اور انسانیت کے سبق ملتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرے میں مائوں کا مقام نہایت بلند ہے جبکہ ملک کے مذہبی اور سماجی اقدار والدین کے ساتھ خصوصاً مائوں کے ساتھ احترام، نگہداشت اور اطاعت پر زور دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مائوں کا احترام کرنا، ان کی دیکھ بھال کرنا اور ان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بن جانا چاہیے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اپنے بچوں کی پرورش، تعلیم اور روشن مستقبل کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے والی تمام مائیں پوری قوم کے اعلیٰ ترین احترام کی مستحق ہیں۔قوم کی مائوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام میں ان کا کردار ہمیشہ سے بنیادی رہا ہے۔









