ایف جی ای ایچ اے نے ایف-14 اور ایف-15 کے متاثرین میں پروویژنل آفر لیٹرز کی تقسیم شروع کر دی

ایف جی ای ایچ اے نے ایف-14 اور ایف-15 کے متاثرین میں پروویژنل آفر لیٹرز کی تقسیم شروع کر دی

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 اسلام آباد کے متاثرین میں لینڈ شیئرنگ بنیاد پر پروویژنل آفر لیٹرز کی تقسیم کا آغاز کرتے ہوئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی جس کے تحت متاثرین کو باقاعدہ طور پر پروویژنل آفر لیٹرز جاری کیے گئے۔

اس موقع پر متاثرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ہائوسنگ منصوبے پر اعتماد میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔اس سلسلے میں سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی اور ڈائریکٹر لینڈ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران متاثرین کو پروویژنل آفر لیٹرز فراہم کیے گئے جبکہ متعلقہ حکام نے ان سے ملاقات بھی کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ اسلام آباد کے یہ دونوں سیکٹرز اہم رہائشی منصوبوں میں شامل ہیں اور وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔

حکام نے مزید کہا کہ لینڈ شیئرنگ بنیاد پر متاثرین کو ان کا جائز حق فراہم کرنا اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے جبکہ شفافیت، مسائل کے حل اور اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ان کے مطابق سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 مستقبل میں جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ مثالی ہائوسنگ منصوبے ثابت ہوں گے۔تقریب میں شریک متاثرین نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی رفتار سے ترقیاتی اور انتظامی امور جاری رکھے جائیں گے تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔