عید الاضحیٰ ،اسلام آباد میں صفائی آپریشن مکمل، ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ جاری

عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی اور انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ہفتہ کوضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ جامع رپورٹ کے مطابق عید کے تینوں روز خصوصی صفائی مہم موثر انداز میں جاری رہی۔

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی اور انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ہفتہ کوضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ جامع رپورٹ کے مطابق عید کے تینوں روز خصوصی صفائی مہم موثر انداز میں جاری رہی۔

رپورٹ کے مطابق تین روز کے دوران اسلام آباد سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 55 ہزار 171 جانوروں کی آلائشیں اٹھا کر تلف کی گئیں۔ اس عرصے میں 91 ہزار 62 چھوٹے جبکہ 64 ہزار 109 بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی۔عید کے تیسرے روز 4 ہزار 574 جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ آلائشوں کی تلفی کے لیے قائم 137 خندقوں میں سے 130 کو مکمل طور پر بھر کر بند کر دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیلپ لائن 1334 پر موصول ہونے والی مجموعی 538 شکایات کا سو فیصد ازالہ یقینی بنایا گیاجبکہ تھرڈ پارٹی انسپیکشن کے ذریعے موصول 375 شکایات پر بھی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تیسرے روز ہیلپ لائن پر موصول 27 اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کے تحت موصول 6 شکایات کا بھی مکمل ازالہ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ عید کے تینوں روز صفائی سے متعلق کوئی بیک لاگ باقی نہیں رہا۔

اس دوران تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہی جبکہ فیصل مسجد، دامنِ کوہ، لیک ویو پارک اور دیگر تفریحی مقامات پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صفائی آپریشن میں شریک تمام ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ ٹیموں نے دن رات کام کرتے ہوئے آلائشوں کی بروقت منتقلی اور تلفی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کے باعث تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔