گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی عوامی خدمت کا اعتراف ہے ،وقار مہدی

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی عوامی خدمت، جدوجہد اور قربانیوں کا اعتراف ہے ۔

کراچی۔ 08 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی عوامی خدمت، جدوجہد اور قربانیوں کا اعتراف ہے ۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر اپنے پیغام میں وقار مہدی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔سینیٹروقار مہدی نے کہا کہ یہ کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور عوامی رابطہ مہم کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نفرت، تقسیم اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر کے ترقی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو ووٹ دیا ہے،گلگت بلتستان میں کامیابی صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ جمہوریت، عوامی حقِ حکمرانی اور عوامی امنگوں کی فتح ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ محروم طبقات، نوجوانوں، خواتین اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں،یہ کامیابی ان تمام کارکنوں، جیالوں اور ووٹرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے پارٹی پر اعتماد کیا۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں عوام کی سب سے بڑی نمائندہ سیاسی قوت بن کر ابھر رہی ہے،جس سے گلگت بلتستان میں ترقی، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔وقار مہدی نے کہا کہ گلگت بلتستان کو ایک روشن، خوشحال اور ترقی یافتہ خطہ بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید خبریں