میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
گلگت بلتستان کے عوام نے پی پی پی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے ، ارسلان اسلام شیخ

مزید خبریں
سکھر۔ 08 جون (اے پی پی):میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی سنگل لارجسٹ اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں موجود ہے۔بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی چاہے سندھ ہو یا پورا پاکستان، چاروں صوبوں میں خاموشی سے اپنی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور ہمیشہ عوام کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام دوست سیاست اور خدمتِ خلق کا منہ بولتا ثبوت گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج ہیں، جہاں عوام نے ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ انتخابات کے نتائج نے یہ واضح کر دیا ہے کہ آج پروپیگنڈا کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے جبکہ تیر کی جیت ہوئی ہے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس امر پر زور دیاکہ تاخیر کا شکار اور زیرِ التواء انتخابی نتائج کو فی الفور جاری کیا جائے تاکہ جمہوری عمل کی شفافیت اور عوامی اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ بھی اپیل کی جاتی ہے کہ انتخابی نتائج میں کسی بھی قسم کی انجینئرنگ، تاخیر یا رکاوٹ قابلِ قبول نہیں ہوگی، اور عوام اپنے جمہوری حق کے تحفظ کے لیے باخبر ہیں۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ہم عوام کے آگے ہاتھ جوڑ کر یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت، ان کے مسائل کے حل اور ان کے اعتماد کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔








