فلپائن میں 7.8 شدت کے زلزلے سے 45 افراد ہلاک، 17 لاپتہ

فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد ہلاک، 17 لاپتہ اور 487 زخمی ہو گئے ہیں۔

منیلا۔10جون (اے پی پی):فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد ہلاک، 17 لاپتہ اور 487 زخمی ہو گئے ہیں۔شنہوا کے مطابق فلپائن کی قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے بتایا کہ زلزلہ پیر کے روز منڈاناؤ کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب آیا، جس کے بعد متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔زلزلے کے باعث کئی عمارتوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔حکام کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بعض دور دراز علاقوں سے معلومات ابھی تک موصول ہو رہی ہیں۔