صوبہ میں 29 نئے سیٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام عوام کو بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے وعدوں کی تعبیر ہوگا،گورنر خیبرپختونخوا

صوبہ میں 29 نئے سیٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام عوام کو بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے وعدوں کی تعبیر ہوگا،گورنر خیبرپختونخوا

پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ میں 29 نئے سیٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام عوام کو بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے وعدوں کی تعبیر ہوگا،نئے سی ایف سیز کے قیام میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ آبادیوں کے لیئے سودمند بنانے کو فوقیت دی جانی چاہیئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا.

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر شاہین آفریدی ، ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ ، اکنامک افیئرز ڈویژن کے سی سی ایس ڈی کے پروگرام منیجر وسیم شیرازی اور دیگر حکام شریک تھے ۔اجلاس میں گورنر کو بتایا گیا کہ سی ایف سیز میں 26 بنیادی سہولیات شہریوں کو ایک ہی مرکز میں فراہم کی جائیں گی جبکہ نوزائدہ بچوں کی ماؤں کو دو سال تک طبی سہولیات ، خوراک ، آگہی سیشن اور پندرہ ہزار روپے سے زائد امدادی رقم بھی فراہم کی جائے گی ۔

گورنر کی ہدایات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پنیالہ ، چودھواں ، لنڈا شریف ، یارک ، ٹانک میں گومل بازار ، ڈبرہ ، رنوال ، اما خیل میں جلد ہی ان مراکز کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ دیگر بڑے دیہاتوں میں اگلے مرحلہ میں سی ایف سی قائم کیئے جائیں گے ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے سی ایف سی ٹو کو زیادہ آبادیوں کے قریب بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا دفتر کی اپنی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا ۔

مزید خبریں