میئر کراچی کا اسپنسر آئی ہسپتال کا دورہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی ہسپتال کا دورہ کیا اور عام شہری کی طرح او پی ڈی کا باقاعدہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ کروایا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور محکمہ اسٹیٹ کی سینئر ڈائریکٹر سمیرا بھی یہاں موجود تھیں۔ میئر کراچی نے …

کراچی۔10جون (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی ہسپتال کا دورہ کیا اور عام شہری کی طرح او پی ڈی کا باقاعدہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ کروایا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور محکمہ اسٹیٹ کی سینئر ڈائریکٹر سمیرا بھی یہاں موجود تھیں۔ میئر کراچی نے ہسپتال پہنچ کر عام مریضوں کی طرح پرچی حاصل کی، او پی ڈی میں اپنی باری کا انتظار کیا اور بغیر کسی خصوصی پروٹوکول کے ڈاکٹر سے اپنا چیک اپ کروایا۔

اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہر میں صحت کی معیاری سہولیات ہر شہری کو بلا امتیاز اور مساوی بنیادوں پر فراہم کی جائیں، عوامی اداروں پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسپنسر آئی ہسپتال کی حالت مختلف تھی تاہم آج یہ ادارہ عوام کے اعتماد کا مرکز بن رہا ہے اور میں خود بھی اسی ہسپتال میں علاج کروا رہا ہوں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اداروں میں بہتری لائی جارہی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔

 

مزید خبریں