گورنر ہاؤس پشاور میں بدھ کے روز پیپلز لائرز فورم میں وکلاء کی شمولیتی تقریب منعقد ہوئی۔گورنر ہاؤس پشاور تر جمان کے مطابق تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، پیپلز لائرز فورم کے صدر گوہر رحمان خٹک ایڈوکیٹ، سینئر نائب صدر پیپلز لائرز فورم اعجاز مہمند، سینئر وکیل اور ممبر کے پی بار کونسل خضر حیات خزانہ ایڈوکیٹ سپریم …
گورنر ہاؤس پشاور میں پیپلز لائرز فورم میں وکلاء کی شمولیتی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):گورنر ہاؤس پشاور میں بدھ کے روز پیپلز لائرز فورم میں وکلاء کی شمولیتی تقریب منعقد ہوئی۔گورنر ہاؤس پشاور تر جمان کے مطابق تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، پیپلز لائرز فورم کے صدر گوہر رحمان خٹک ایڈوکیٹ، سینئر نائب صدر پیپلز لائرز فورم اعجاز مہمند، سینئر وکیل اور ممبر کے پی بار کونسل خضر حیات خزانہ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، جنرل سیکرٹری لاءجبر خان ایڈوکیٹ، سینئر وکلاء اور نوجوان وکلاء سمیت پی پی پی رہنماؤں ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی پی پی ملک سعید، ڈویژنل صدر مصباح الدین، ڈاکٹر جانباز اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر 14 خواتین وکلاء سمیت 70 نوجوان وکلاء نے پیپلز لائرز فورم میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پی ایل ایف کو شاندار شمولیتی پروگرام پر خراج تحسین پیش کیا اور پی ایل ایف میں شمولیت اختیار کرنیوالے نوجوان وکلاء کو پیپلز پارٹی کی جانب سے خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد صوبہ میں پی ایل ایف مزید مضبوط ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ صوبائی حکومت گذشتہ تیرہ سالوں سے صوبہ کا مقدمہ وفاق کے سامنے پیش نہیں کر سکی ۔ خیبرپختونخوا 508 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ صوبے کی مجموعی ضرورت صرف 180 ایم ایم سی ایف ڈی ہے،آئین پاکستان کے مطابق صوبائی وسائل پر پہلا حق متعلقہ صوبے کا تسلیم شدہ ہے۔ تاہم اس کے باوجود صوبہ پر سی این جی بند کی گئی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود وزیراعلیٰ سے اس حوالے سے بات کی، اس کے بعد صوبائی اسمبلی میں سپیکر کی جانب اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے حقوق کیلئے متفقہ طور پر آواز بلند کی گئی اور پھر 48 گھنٹے میں وفاقی حکومت کی جانب سے سی این جی کی بندش کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بجلی بھی صوبہ سب سے زیادہ پیدا کررہی ہے لیکن صوبہ کے عوام کو بجلی لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے. صوبہ کے حقوق کیلئے ہم سب نے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر نے کہا کہ ہم صوبائیت کی بات نہیں کرتے، تیل، گیس اور بجلی سب سے زیادہ خیبرپختونخوا پیدا کر رہا ہے لیکن صوبہ کو گندم کی فراہمی بند ہے، اگر ہمیں اپنے صوبے کے پانی کا حصہ بھی دیا گیا تو پھر صوبہ کو باہر سے گندم درآمد کرنیکی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ گورنر نے کہا کہ ہمارے صوبہ میں معدنیات، سیاحت اور مذہبی سیاحت کے بے پناہ مواقع دستیاب ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبہ میں امن و امان کی حالت بہتر ہو تو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے صوبہ کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پی پی پی کے صوبائی صدر نے اپنے خطاب میں شمولیت اختیار کرنیوالے نوجوان وکلاء کو خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ صوبہ کے وکلاء کو درپیش مسائل کیلئے پی ایل ایف اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح صوبہ کے عوام کیلئے سی این جی بندش کے خاتمے میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کردار ادا کیا اسی طرح پی ایل ایف کے وکلاء کے تحفظات بھی دور کیے جائیں گے۔محمد علی شاہ باچا نے گلگت بلتستان انتخابات میں پی پی پی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔ گوہر رحمان خٹک ایڈوکیٹ نے گورنر ہاوس میں پی ایل ایف کی شمولیتی تقریب کے انعقاد پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو صوبے کے وکلاء کو درپیش مسائل اور پی ایل ایف وکلاء کے تحفظات سے آگاہ کیا اور ان تحفظات کو دور کرنے کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی درخواست کی۔








