پاک یو ایس ایلومینائی نیٹ ورک اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے تجارتی تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوگیا

پاک یوایس ایلومینائی نیٹ ورک اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ تجارتی تربیتی پروگرام

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے پاک یوایس ایلومینائی نیٹ ورک اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ تجارتی تربیتی پروگرام جمعہ کو اختتام پذیر ہوگیا۔

اس پروگرام کا مقصد کاروباری شعبے سے وابستہ پاکستانی افراد کی ڈیجیٹل تجارت سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں بین الاقوامی آن لائن تجارتی منڈیوں میں مؤثر انداز میں مسابقت کے قابل بنانا تھا۔ ’’ای کامرس اینڈ ڈیجیٹل ٹریڈ: بلڈنگ دی یوایس پاکستان اکنامک پارٹنرشپ ‘‘کے عنوان سے یہ پروگرام یوایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے اسلام آباد میں نئے قائم ہونے والے ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیا گیا۔ تربیتی نشست میں شریک پچاس افراد کا انتخاب قومی سطح پر ایک مسابقتی اور متعدد مراحل پر مشتمل عمل کے بعد کیا گیا۔ منتخب ہونے والے ان افراد نے دستکاری، زراعت، فیشن، سافٹ ویئر سازی اور صحت سمیت معیشت کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی مشن کے ناظم الاُمور اینڈریوہیلس نے تجارت کی ترقی اور اختراع کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے، تربیتی پروگرام کے شرکاء اب آپ منڈی تک رسائی اور ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دینے کے لیے کلیدی مہارتوں سے آراستہ ہو چُکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء کو دی جانے والی گوگل ڈیجیٹل مارکیٹنگ اینڈ اِی کامرس پُروفیشنل سرٹیفکیشن پیشہ وارانہ اور تجارتی شعبےمیں اُن کی ساکھ کو مزید تقویت دے گی۔ گوگل فار ایجوکیشن نے اس تربیتی سرگرمی کی معاونت کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی، تربیتی ذرائع کےنصاب میں انضمام اور گوگل ڈیجیٹل مارکیٹنگ اینڈ اِی کامرس پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرام کے تحت پیشہ وارانہ اسناد کی تقسیم کو یقینی بنایا۔ شرکاء کو آن لائن اسٹورز کے قیام، ڈیجیٹل ذرائع پر تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط کی سمجھ بوجھ اور رسد اور ترسیلی سلسلوں کے انتظام سے متعلق تربیت دی گئی. پروگرام کے اختتام تک اِس میں شرکت کرنے والے ہر فرد نےاپنا آن لائن اسٹور قائم کرلیا ہے، وہ ڈیجیٹل تجارت کے قوانین پر عُبور، ترسیلی شراکت داروں کے ساتھ روابط اُستوار اور مصنوعی ذہانت پر منحصر تشہیری آلات کے مؤثر استعمال کی تربیت حاصل کرچکا ہے۔ شرکا ء میں سے ہر ایک نے اپنی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک ذاتی نوعیت کا برآمدی لائحہ عمل بھی طے کرلیا تھا۔ماسٹر کلاس کے شرکاء نے دستکاری کی اشیاء و زرعی برآمدات، بشمول خشک آم اور نامیاتی تیل، فیشن و ملبوسات جن میں شالیں اور زیورات شامل تھے، کی نمائندگی کرکے پاکستان کے صنعتی شعبے کی وسعت ظاہر کی۔ گوگل فار ایجوکیشن اور کینوا فار ایجوکیشن کےشراکت دار ٹیک ویلی پاکستان نے ماسٹر کلاس کے لیے تکنیکی سہولیات ، تربیت اور مشاورتی خدمات فراہم کیں۔ پاکستان، کینیڈا، بحرین، سعودی عرب اور امریکہ میں فعال یہ ادارہ اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں تک اپنی سرگرمیوں کے ذریعے رسائی حاصل کر چکا ہے۔

مزید خبریں