راولپنڈی: فارماسیوٹیکل ریٹیل تاجروں کا وفاقی بجٹ 2026-27 کا خیرمقدم
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے فارماسیوٹیکل ریٹیل شعبے کے تاجروں کا وفاقی بجٹ 27-2026کا خیرمقدم

مزید خبریں
راولپنڈی۔13جون (اے پی پی):راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے فارماسیوٹیکل ریٹیل شعبے کے تاجروں نے وفاقی بجٹ 27-2026کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادویات اور صحت کے شعبے کے لیے اعلان کردہ ریلیف اقدامات کو عوام دوست قرار دیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (فیڈ) کا خاتمہ مریضوں اور کاروباری طبقے دونوں کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ فارما تاجر فیضان ملک نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادویات پر اضافی ٹیکس عائد نہ کرنے اور اہم ادویات پر فیڈ کے خاتمے سے مریضوں کے مالی بوجھ میں کمی آئے گی اور ضروری ادویات تک رسائی بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ادویات کی دستیابی اور خریداری کی استطاعت میں بھی بہتری آئے گی۔ ایک اور فارما تاجر خرم نے بجٹ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کو دیا گیا ریلیف حکومت کے عوام دوست وژن کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات پر ٹیکس کے خاتمے سے مریضوں کے علاج معالجے کے اخراجات میں کمی آئے گی جبکہ فارماسیوٹیکل ریٹیل شعبے کے لیے شفاف اور مستقل پالیسیوں کا تسلسل صحت کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔








