تحریکِ آزادی کے راہنما سردار عبدالرّب نشتر کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی

سردار عبدالرّب نشتر کی سالگرہ منائی گئی، تعلیمی و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):تحریکِ آزادی کے راہنما سردار عبدالرّب نشتر کی سالگرہ ہفتہ 13 جون کو منائی گئی۔ وہ 13 جون 1899 کو پشاور میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم مشن سکول اور بعد میں سناتن دھرم ہائی سکول ممبئی سے حاصل کی۔ سردار عبدالرب نشتر نے بی اے جامعہ پنجاب سے کیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری 1925میں حاصل کی۔

سردار عبدالرب نشتر کا تعلق متوسط طبقے سے تھا۔ سردار عبدالرّب نشتر نے برطانیہ کے راج کے خلاف تحریکوں اور سیاسی ہنگامہ خیزی کے جس دور میں خود کو میدانِ عمل میں اتارا تو ‌ جلد ان پر واضح ہو گیا کہ ہندو، ملک کے طول و عرض میں موجود مسلمانوں کے ساتھ تعصّب ختم نہیں کرسکتے اور انگریزوں کو نکال کر یہاں اپنا راج قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ وہ اپنی فہم و فراست، سیاسی سوجھ بوجھ کے لیے مشہور تھے اور جلد ہی مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت کے پلیٹ فارم سے بھی خود کو منوا لیا اور اپنی دیانت داری اور اخلاص کے باعث ان کا شمار قائدِ اعظم کے قابلِ اعتماد رفقا میں ہونے لگا۔ سردار عبدالرّب نشتر نے قائدِ اعظم اور دیگر لیگی قائدین کو اپنے قول و فعل، راست گوئی اور کردار کی مضبوطی سے اپنا گرویدہ بنا لیا اور تاریخ میں مسلمانوں کے ایک مخلص اور اہم لیڈر کے طور پر ان کا نام رقم ہوا۔سردار عبدالرّب نشتر ایک مدبّر، شعلہ بیان مقرر اور تحریکِ پاکستان کے صفِ اوّل کے راہنما اور ایک اچھے شاعر بھی تھے۔1929میں جب صوبہ سرحد میں انتخابات کا اعلان کیا گیا تو سردار عبدالرب نشتر خلافت کمیٹی کی طرف سے میونسپل کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے اور مسلسل 1938تک رُکن رہے۔ سردار عبدالرب نشتر 1944میں آل انڈیا مسلم لیگ کی مجلسِ عاملہ کے رکن بنائے گئے۔ 1946 کے انتخابات کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے لیے نمائندہ بھی نامزد ہوئے جب کہ 3 جون کے اعلان کے حوالے سے’’پارٹیشن کمیٹی‘‘ کے ارکان میں سردار عبدالرّب نشتر بھی شامل تھے۔انھیں غیر منقسم ہندوستان کے وزیرِ مواصلات کے منصب پر بھی فائز رہنے کا موقع ملا اور قیامِ پاکستان کے بعد وہ لیاقت علی خان کی کابینہ میں بھی اِسی وزارت کے لیے منتخب کیے گئے۔وہ پنجاب کے گورنر بنائے گئے جبکہ زندگی کے آخری ایّام میں وہ مسلم لیگ کے صدر بھی رہے ۔ سردار عبدالرب نشتر 14 فروری 1958 کو کراچی میں وفات پاگئے ۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی وسیاسی حلقوں کی جانب سے انہیں بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مزید خبریں