کل جماعتی حریت کانفرنس کے انتخابات، غلام محمد صفی کنوینر، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ جنرل سیکرٹری اور امتیاز وانی سیکرٹری اطلاعات منتخب

کل جماعتی حریت کانفرنس کے انتخابات، غلام محمد صفی کنوینر، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ جنرل سیکرٹری اور امتیاز وانی سیکرٹری اطلاعات منتخب

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے انتخابات میں غلام محمد صفی کنوینر، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ جنرل سیکرٹری جبکہ امتیاز وانی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوگئے۔یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے تنظیمی انتخابات خوش اسلوبی، جمہوری روایات، تنظیمی نظم و ضبط اور باہمی مشاورت کے ماحول میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ انتخابی عمل کے نتیجے میں غلام محمد صفی بلا مقابلہ کنوینر، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ جنرل سیکرٹری جبکہ امتیاز وانی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔انتخابی عمل کی نگرانی اور انعقاد کے لیے قائم الیکشن کمیشن کے فرائض سید کفایت حسین، راجہ خادم حسین، جاوید بٹ اور عبدالمجید لون نے انجام دیےجنہوں نے منظم اور متفقہ انتخابی عمل کو یقینی بنایا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نومنتخب قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید اور اعتماد کا اظہار کرتی ہے کہ وہ تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کے بنیادی مقاصد، شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں اور کشمیری عوام کی اجتماعی امنگوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بصیرت، عزم اور اخلاص کے ساتھ ادا کرے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کا قیام اس تاریخی اور قومی ضرورت کے تحت عمل میں آیا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت پر مبنی جدوجہد کو ایک متحد، منظم اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران کشمیری عوام نے آزادی، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، ہزاروں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ، ہزاروں جبری گمشدگیوں، سیاسی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہوئے ہیں جبکہ پورا خطہ مسلسل سیاسی، سماجی اور انسانی دباؤ کی کیفیت سے گزر رہا ہے، تاہم ان تمام مشکلات اور چیلنجز کے باوجود کشمیری عوام نے اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار ہونا قبول نہیں کیا۔

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس اس حقیقت کا اعادہ کرتی ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازع ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد کا بنیادی محور وہی حقِ خودارادیت ہے جسے عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے۔ کشمیری عوام کا یہ بنیادی مطالبہ ہے کہ انہیں ایک آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق فراہم کیا جائے۔حریت کانفرنس اس توقع کا اظہار کرتی ہے کہ نومنتخب قیادت تنظیمی استحکام، داخلی اتحاد اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی جبکہ حریت کانفرنس کے مختلف حلقوں، سیاسی و سماجی تنظیموں، نوجوان نسل، خواتین اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارکینِ وطن کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ کشمیری قیادت اتحاد، حکمتِ عملی، سیاسی بصیرت اور فعال سفارت کاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرے اور کشمیری عوام کی جائز آواز کو بین الاقوامی فورمز تک پہنچائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اس بات پر زور دیتی ہے کہ تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کی کامیابی کے لیے داخلی اتحاد، تنظیمی استحکام اور مشترکہ قومی لائحۂ عمل ناگزیر ہیں۔ اختلافِ رائے جمہوری اقدار کا حصہ ہے تاہم قومی مقاصد اور اجتماعی مفادات کے حصول کے لیے تمام کشمیری سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کو وسیع تر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ حریت کانفرنس کشمیری عوام کی نمائندہ اور مشترکہ آواز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مثبت، تعمیری اور بامقصد تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔یہ انتخابات نہ صرف تنظیمی تسلسل، ادارہ جاتی استحکام اور جمہوری روایت کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ اس حقیقت کا بھی اظہار ہیں کہ کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد تمام تر رکاوٹوں، دباؤ اور چیلنجز کے باوجود عزم و استقلال کے ساتھ جاری ہے۔ حریت کانفرنس اس موقع پر شہدائے کشمیر، اسیرانِ حریت اور اُن تمام خاندانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے تحریکِ آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور مسلسل استقامت کی روشن مثال قائم رکھی ۔

آخر میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں، ذرائع ابلاغ اور بااثر عالمی اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں تاکہ خطے میں امن، استحکام اور انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔