محمود خان اچکزئی: پاکستان ہم سب کا ہے، شفاف انتخابات اور قومی مفاہمت کے لیے مل کر آگے بڑھنا ضروری ہے
پاکستان ہم سب کا مشترکہ ملک ہے، اسے مل کر بچانا اور مضبوط بنانا ہوگا، محمود خان اچکزئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ہے اور ہم سب نے ملکر اس کو بچانا ہے، ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے، ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے سمجھوتے پر دستخط کیلئے تیار ہیں۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 27-2026کے بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے غریبوں کے لئے بھی کوئی کارڈ جاری کریں تاکہ ان کا گزارہ ہوسکے، بڑے بڑے ہوٹلوں سے اور یہاں دعوتیں اڑانے والوں سے ٹیکس وصول کریں، سنٹرل ایشیا کا راستہ بند ہونے سے پاکستان میں کاشتکاروں کا شدید نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں سب مل بیٹھ کر کراچی کو ایک خوبصورت شہر بنائیں،طاقت کے استعمال سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا،ہماری نئی نسل نشہ میں ملوث ہوکر تباہی کی طرف جارہی ہے،ان کی تعلیم کی طرف توجہ دی جائے،ہر گائوں میں بہترین سکول ہیں وہاں لوگوں کو زور دیں کہ بچوں کو تعلیم دلائیں، ملک کی آبادی کی اکثریت مہنگی تعلیم حاصل نہیں کرسکتی۔اس سلسلے میں ہم سے جو تعاون چاہیے دیں گے، یہ ہمارا ملک ہے اس کو بچانا اور چلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے محنت کشوں نے دوبئی،کویت، سعودی عرب آباد کیا، ان کے لئے یہاں وسائل مہیا کئے جائیں تاکہ وہ یہاں محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ جو بھی انصاف کرے گا میں اس کو سلام کریں گے،اس ایوان کو مضبوط کرنا ہے،میمورنڈم لکھیں جس پر ساری پارٹیاں دستخط کریں کہ ایک دوسرے کی ٹانگیں نہیں کھینچیں گے،ملک میں صاف،شفاف انتخابات کرائیں گے جو جیتے وہ حکومت کرے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت روزانہ 80 آدمی گولیوں سے مرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بنا بتائے جاتی امرا جاتا تھا،اس وقت ہمارا مشترکہ منشور ووٹ کو عزت دینے کا تھا۔







