میڈیا بزنس شراکتداری معاشی ترقی کی کلید ہے ، عاطف اکرام شیخ

میڈیا انڈسٹری کے چیلنجز کو حل کرنے کےلئے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہےکہ میڈیا بزنس شراکتداری معاشی ترقی کی کلید ہے، میڈیا انڈسٹری کے چیلنجز کو حل کرنے کےلئے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی سنٹرل اسٹینڈ نگ کمیٹی برائے میڈیا اینڈ براڈکاسٹنگ کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں پاکستان آبزرور کے چیئرمین اور سی ای او فیصل زاہد ملک کی کنوینر شپ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی بجٹ 27-2026 پر تفصیلی بحث کے ساتھ ساتھ اشہارات اور تاخیر سے وصولیوں کے حوالے سے میڈیا انڈسٹری کی کرائسز مینجمنٹ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں کمیٹی کے کنوینئر فیصل زاہد ملک نے لاہور ، فیصل آباد، بہاولپور اور اسلام آباد سے آنے والے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔ کراچی کے اراکین نے اجلاس میں بذریعہ زوم شرکت کی۔ فیصل زاہد ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی صحافتی خدمات کے ساتھ ساتھ کراچی کی اعلیٰ کاروباری برادری کے ساتھ اپنی دہائیوں طویل رفاقت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آبزرور کے بانی زاہد ملک (ستارہ امتیاز ،ہلال امتیاز) نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ میڈیا اور کاروبار کے درمیان براہ راست، نتیجہ خیز روابط کےلئے کاروباری برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کئے جائیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ملک کی معاشی ترقی میں میڈیا کے کردار اور تاجر برادری کے ساتھ میڈیا کے براہ راست پیداواری تعلق کو اجاگر کیا۔ انہوں نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور نرم تشخص پیش کرنے سمیت ڈیجیٹل سپیس میں منتقلی کے حوالے سے میڈیا کے تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے پختہ یقین کا اظہار کیا کہ میڈیا اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان مضبوط تعلقات پاکستان کی ترقی پر مزید اور بہترین مثبت اثرات مرتب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی میڈیا اداروں کے تحفظات کو متعلقہ فورمز تک لے جائے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ انڈسٹری کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کےلئے یہ اجلاس ماہانہ بنیادوں پر منعقد کیا جائے۔ اے پی این ایس کے صدر اور جنگ میڈیا گروپ کے مینجنگ ڈائریکٹر سینیٹر ڈاکٹر سرمد علی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجٹ کاروبار کےلئے دوستانہ ہونا چاہئے اور خاص طور پر الیکٹرک گاڑیوں اور سولر مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے اس میں سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق خان جدون نے فیصل زاہد ملک کے ویژن اور تاجر برادری کے ساتھ ان کے مضبوط تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کاروباری افراد اور سٹارٹ اپس کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس کے دوران دیگر شہروں سے آئے ہوئے کمیٹی کے ارکان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اے پی این ایس کے نائب صدر اور آج ٹی وی کے سی ای او شہباز زبیری نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش بحرانوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں روز نیوز اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے رافع خان نیازی ، روزنامہ پائیگام (لاہور، فیصل آباد، ساہیوال) سے محمد منیر جیلانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن عدنان عارف نے میڈیا اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کےلئے گول میز کانفرنسوں کے باقاعدہ انعقاد کی تجویز پیش کی۔ کمیٹی کے اجلاس کا اختتام فیصل زاہد ملک کے اختتام کلمات پر ہوا جنہوں نے اجلاس کے تمام شرکا سے اظہار تشکر کیا۔ اجلاس کا اختتام فیصل زاہد ملک کی سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقریب کے ساتھ خوشگوار انداز میں ہوا۔